بنگلورو،5؍ستمبر(ایس او نیوز)عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینے کی بجائے وقت گذاری کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف ریاستی حکومت فوجداری مقدمے درج کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ یہ بات آج وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہی۔ آج شہر کے سینٹ جوزف کالج آڈیٹوریم میں بی بی ایم پی ایسٹ ڈویژن کے جنااسپندنا پروگرام میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے سے قبل مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کو سلجھانے کی طرف توجہ دینے میں ناکام افسران کو نہ صرف معطل کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی دائر کرنے پر غور کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی حدود میں افسران کے خلاف اس طرح کی کارروائی کے سلسلے میں ریاستی حکومت کو ایک تجویز پیش کی جاچکی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ شہر کے متعدد مقامات پر بعض لوگوں نے بے نامی سائٹس حاصل کرکے ایسے ہی رکھے ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت ان تمام سائٹوں کی نشاندہی کرے گی۔اس کیلئے بی ڈی اے کی طرف سے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ دس سال سے زائد اگر کسی سائٹ پر مکان تعمیر نہیں ہوا ہے تو اس کے مالک کے خلاف کارروائی کرنے اور سائٹ پر اس کے حقوق منسوخ کرنے کی ہدایت کمیٹی کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنا اسپندنا پروگرام کے دوران جو بھی عوامی شکایات موصول ہوں گی ان تمام کو نمٹانے کیلئے ایک نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ بی بی ایم پی کے تمام آٹھ ڈویژنوں میں اس طرح کے جنا اسپندنا پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی ترقی کیلئے اثاثہ مالکان کی طرف سے جو بھی املاک حکومت کے حوالے کی جائے گی ان کو مناسب ترین معاوضہ ٹی ڈی آر کی شکل میں دینے کیلئے دس دن کے اندر ٹی ڈی آر پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں بند پڑی ہوئی کواریوں کو ختم کرنے کیلئے قدم اٹھائے جائیں گے اور ان مقامات پر کھیل کے میدان یا دیگر عوامی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ شہر میں گندگی کی نکاسی کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے حکومت کی پابندی دہراتے ہوئے جارج نے کہاکہ 2000 ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بی بی ایم پی شہر کی گندگی کی پروسیسنگ کیلئے یونٹ قائم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ نجی فر یقین کو گندگی کی پروسیسنگ کیلئے جگہ فراہم کرنے کیلئے ٹنڈر طلب کئے گئے ہیں۔ بہت ساری کمپنیوں نے اس میں دلچسپی دکھائی ہے۔ اس موقع پر بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ شہر بھر میں سڑکوں کی مرمت کا کام آٹھ سو کروڑ روپیوں کی لاگت سے جاری ہے ، دو تین ماہ میں اس کام مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جن سڑکوں کی مرمت کی جائے گی ، ایک سال کے اندر اگر ان سڑکوں پر دوبارہ گھڈے دیکھے گئے تو یہ کام کرنے والے کنٹراکٹروں کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا اور ان کے بلوں کی ادائیگی بھی روک دی جائے گی۔میئر جی پدماوتی ، ڈپٹی میئر آنند ، حکمران پارٹی لیڈر آر ایس ستیہ نارائنا، بی ڈبلیو ایس ایس بی صدر تشار گری ناتھ ، ایسٹ ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر یتیش کمار ، ڈپٹی کمشنر لکشمی دیوی اور مشرقی ڈویژن کے سبھی کارپوریٹرس اس موقع پر موجود تھے۔